ملک بھر میں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب ’’شب قدر‘‘ مذہبی جوش وخروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
شب قدر کے موقع پر ملک بھر کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، روزہ دار وں نے شب بیداری کرتے ہوئے خصوصی عبادات کیں۔
فیصل مسجد اسلام آباد، بادشاہی مسجد لاہور، مسجد مہابت خان پشاور سمیت ملک کی دیگر بڑی مساجد میں تراویح میں تکمیل قرآن اور محافل شبینہ کا انعقاد کیا گیا۔
فرزندان اسلام نے شب بیداری کرتے ہوئے عبادات، اپنی بخشش، دین کی سربلندی، ملک وقوم کی ترقی وسلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں ، نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ اور سامعین کو انعام و اکرام سے نوازا گیا، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
شب قدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، اس بابرکت رات میں عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کل سے شروع ہو گی
خواتین گھروں میں جبکہ مرد حضرات نے رات مساجد میں عبادت کر کے گزاریں، مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے۔
ستائیسویں شب کو مساجد میں باجماعت صلوٰۃ التسبیح ادا کی گئی، انفرادی عبادت میں نوافل کی ادائیگی،قرآن پاک کی تلاوت اور نبی کریمﷺ کے حضور درود شریف کا نذرانہ پیش کیا گیا۔