پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس آج منایاگیا۔
نمازجمعہ کے بعد فلسطینیوں کی حمایت میں اسلام آباد ، راولپنڈی ، کراچی ، پشاور اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، تقاریب ہوئیں، فلسطینیوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی مغربی کنارے میں کارروائیوں کے خلاف دنیا بھر میں مسلمان رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہیں۔
یوم القدس کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے جمعتہ الوداع کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ، اہم اور مصروف شاہراہوں پر واقع مساجد میں اضافی نفری تعینات کی گئی ۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے سیکڑوں طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیئے
ڈیڑھ سال بعد بھی اسرائیل کا جنگی جنون کم ہوا اور نہ غزہ میں ظلم و بربریت کی داستان ختم ہوئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فورسز کے حملوں میں مزید 25 فلسطینی شہید اور 82 افراد زخمی ہوگئے۔
غزہ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار 208 ہو گئی، ایک لاکھ 13 ہزار910 فلسطینی زخمی ہیں، غزہ کا 90 فیصد علاقہ مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔