ملک میں دو عیدوں کی روایت برقرار، باجوڑ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔
سعودی عرب ، قطر سمیت مختلف ممالک میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بھی آج مقامی سطح پر عید منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے اعلان کیا ہے کہ مسلم دنیا کے ساتھ آج اتوار عید الفطر منائی جائے گی۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے تمام دنیا کے مسلمانوں کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی، جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مظلوم عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اس بار عید سادگی سے منائی جائے گی اور بڑے اجتماعات اور ہجوم سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوام کو تلقین کی کہ اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حالات کے پیش نظر اس بار ولی باغ میں ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔