وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے بغیر ہماری حکومت نہیں رہے گی تو پھر آپ کی بھی نہیں رہے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران کینال منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری حمایت کے بغیر وفاقی حکومت نہیں چل سکتی، صدر زرداری نے کسی کینال کی منظوری نہیں دی، میٹنگ منٹس غلط جاری کیے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے بیان پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے بغیر ہماری حکومت نہیں رہے گی تو پھر آپ کی بھی نہیں رہے گی، پیپلز پارٹی نے اسی تنخواہ پر کام کرنا ہے۔ اور پیپلز پارٹی کل بھی ہمارے ساتھ تھی، آج بھی ہے اور پرسوں بھی ہو گی۔
گورنر پنجاب، گورنر خیبر پختونخوا اور صدر پیپلز پارٹی کے ہیں۔ اور ہمارے لیے آصف علی زرداری قابل احترام ہیں۔ یہ ہو نہیں سکتا کہ ہم پیپلز پارٹی سے لڑیں۔ اور یہ حکومت اپنے باقی 4 سال پورے کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن گرینڈ الائنس بننے سے پہلے اختلافات کا شکار
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے کوئی ایسی بات ہونی نہیں کیونکہ ہمیں پتہ ہے کچھ ہونا نہیں اور ہمیں کیا ضرورت ہے کہ ان کو موقع دیں، پرفارمنس پر بات کروں گا، نہ کسی کو برا کہنا ہے اور نہ ہی کسی سے لڑائی لڑنی ہے۔ جبکہ لوگ بدعائیں کر رہے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہوجائے۔