اسلام آباد: دنیا بھر میں دل کی بیماریاں سب سے زیادہ اموات کا سبب بنتی ہیں، جن کی بنیادی وجہ غیر متوازن غذا اور غیر صحت مند طرزِ زندگی ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر ہم اپنی روزمرہ خوراک میں کچھ غذائیں شامل کرلیں تو نہ صرف دل کو مضبوط رکھا جا سکتا ہے بلکہ دل کے امراض کا خطرہ بھی نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین نے دل کی صحت بہتر بنانے کے لیے چھ ایسی غذاؤں کی نشاندہی کی ہے جو سوزش، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھ کر دل کے افعال کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
1۔ چربی والی مچھلی
ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق سالمن، میکریل اور سارڈینز جیسی مچھلیوں کا ہفتے میں کم از کم چار بار استعمال صحت مند کولیسٹرول بڑھاتا اور دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرتا ہے۔ مچھلی میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دل کی دھڑکن کو منظم رکھنے اور شریانوں کی صفائی میں بھی مددگار ہیں۔
2۔ جئی یا جو
جئی جیسے مکمل اناج بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن رکھتے ہیں اور سوزش کو کم کرتے ہیں، جو وقت کے ساتھ خون کی نالیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ یہ غذا دل کے لیے نہایت مفید سمجھی جاتی ہے۔
3۔ پتوں والی سبزیاں
پالک، ساگ، دھنیا اور پودینہ وٹامنز، منرلز اور فائبر سے بھرپور سبزیاں ہیں جو سوزش کم کرنے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے ذریعے دل کی بیماریوں سے بچاتی ہیں۔
4۔ زیتون کا تیل
زیتون کا تیل نقصان دہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو کم اور فائدہ مند ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ تیل دل کے لیے مفید چکنائی کا اہم ذریعہ مانا جاتا ہے۔
5۔ ٹماٹر
ٹماٹر میں موجود پوٹاشیم اور اینٹی آکسائیڈنٹ لائیکوپین خون کی نالیوں کو کھلا رکھنے اور کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے دل کے دورے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
6۔ گری دار میوے
بادام، اخروٹ اور پستہ جیسے گری دار میوے صحت مند چکنائی، فائبر اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں، جو کولیسٹرول کم کرنے اور دل کو مضبوط رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم، انہیں اعتدال سے کھانا ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ غذائیں روزمرہ خوراک میں شامل کر لی جائیں تو دل کو طویل عرصے تک صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔ صحت مند غذا کے ساتھ متحرک طرزِ زندگی دل کے امراض کے خلاف ایک مضبوط دفاعی ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے۔