پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ جیولن تھروور اسپیشلسٹ ارشد ندیم نے بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی دعوت کو مسترد کر دیا۔
نیرج چوپڑا نے بنگلور میں 24 مئی کو ہونے والی نیرج چوپڑا کلاسک تھروونگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے ارشد ندیم کو دعوت دی تھی، جسے پاکستانی کھلاڑی نے انتہائی شائستگی سے رد کر دیا۔
ارشد ندیم نے اپنے حریف نیرج چوپڑا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وضاحت دی کہ وہ اس ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ٹریننگ اور ایونٹس کا شیڈول پہلے سے طے ہو چکا ہے اور موجودہ مصروفیات کے باعث بھارت آنا ممکن نہیں ہے۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ کی حیثیت سے ان کے سال بھر کے ٹریننگ پروگرام میں تبدیلی کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 مئی کو ہونے والی نیرج چوپڑا کلاسک کی تاریخ ان کے شیڈول سے ہم آہنگ نہیں ہے، کیونکہ ان کے لیے کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں حصہ لینا زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10 میں کونسی ٹیم کس پوزیشن پر ہے
واضح رہے کہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ 27 مئی سے شروع ہوگی، اور ارشد ندیم نے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے کوریا جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت وہ لاہور میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور ان کی روانگی مئی کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے۔
اس سے قبل نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کے ساتھ کھیل کے میدان میں صحتمند مقابلے کی امید ظاہر کی تھی، لیکن ارشد ندیم کی مصروفیات نے انہیں اس دعوت کو مسترد کرنے پر مجبور کر دیا۔