ہاکی ورلڈ کپ، پاکستان نے 16 سال بعد میچ جیت لیا

پاکستان نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے کلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر 16 سال بعد ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

نویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم نے دوسرے کوارٹر میں ایک جبکہ تیسرے کوارٹر میں 3 گول اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے 2 گول کیے، جبکہ حنان شاہد اور حماد الدین نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔

قومی ہاکی ٹیم نے اس سے قبل 2010 کے ورلڈ کپ میں اسپین کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد پاکستان ورلڈ کپ کے کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکا تھا۔

پاکستان 2014 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی بھی نہیں کرسکا تھا، جبکہ 2018 کے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔

جاپان کے خلاف کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 16 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں فتح کا ذائقہ چکھ لیا۔

Scroll to Top