مودی کو سندھو کا گلا گھونٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھو سے پانی بہےگا یا اُن کا خون، بلاول

میرپورخاص: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نریندر مودی کو دریائے سندھ کا گلا گھونٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر سندھو پر حملہ ہوا تو پھر یا پانی بہے گا یا خون۔

میرپورخاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے سندھ کے پانی کے تحفظ کا وعدہ پورا کیا، اور کسی نئے کینال کی تعمیر کی اجازت نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین نے صدر زرداری پر تنقید کی، لیکن پارٹی جیالوں نے مضبوط احتجاج کے ذریعے سندھو کو بچایا۔

بلاول نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو گجرات کا قصائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے سے پیچھے ہٹ رہا ہے، اور اصل نشانہ پاکستان کا پانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کے پاس دہشت گردی سے متعلق کوئی ثبوت ہے تو وہ پاکستان کے حوالے کرے، ہم میرپورخاص میں انصاف کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں فیک نیوز الرٹ: بھارتی ٹی وی ریپبلک نیوز پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی جھوٹی خبریں چلانے لگا

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت ایک انتہا پسند ریاست کے طور پر سامنے آ رہا ہے جو جنگ چھیڑنے کے درپے ہے، لیکن پاکستانی قوم ہر حملے کا منہ توڑ جواب دے گی۔

بلاول نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر زبردستی کی گئی تو آخری دم تک دفاع کریں گے اور سندھو کا تحفظ کریں گے۔

Scroll to Top