وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی مسائل کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی رہائی یا شرکت سے مشروط کرنا حب الوطنی نہیں بلکہ قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کے اظہار کو عمران خان کی رہائی یا شرکت سے مشروط کرنا پی ٹی آئی کی کوتاہ اندیشی ہے، یہ حب الوطنی کو مشروط کرنے جیسا ہے، جو کسی طور قابل قبول نہیں۔
وزیر دفاع نے یاد دلایا کہ پلوامہ حملے کے وقت عمران خان کی فرمائش پر اپوزیشن قیادت کا ایک بڑا حصہ جیل میں تھا، اس کے باوجود جیل سے باہر موجود قیادت نے عمران خان کی جانب سے بلائی گئی قومی سلامتی بریفنگ میں شرکت کی۔ تاہم عمران خان نے بریفنگ میں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کیا، لیکن ہم نے اس کے باوجود قومی اتحاد میں رخنہ نہیں آنے دیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی ناکام سفارتکاری نے مودی حکومت کو فرسٹریشن میں مبتلا کر دیا، وزیر اطلاعات
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وطن اور اس کی سلامتی شخصیات یا قیادت سے کہیں زیادہ اہم ہے، پاکستان کو تاقیامت دوام ہے، ان شاءاللہ بڑے بڑے محترم لیڈر آئے اور چلے گئے لیکن قومیں زندہ رہتی ہیں۔





