اسلام آباد: پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے بین الاقوامی اور قومی میڈیا نمائندگان کو مریدکے اور بہاولپور کے دورے پر لے جایا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات صحافیوں کو زمینی حقائق سے آگاہ کریں گے اور بھارتی دعوؤں کا حقیقت پر مبنی تجزیہ پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صحافیوں کو اُن مخصوص مقامات پر لے جایا جائے گا جنہیں بھارتی حکومت دہشت گردی کے مبینہ یا خیالی ٹھکانے قرار دیتی رہی ہے۔
بھارتی میڈیا اور حکام کی جانب سے مریدکے اور بہاولپور میں دہشت گردوں کے کیمپس کے حوالے سے جو دعوے کیے گئے ہیں، ان کی حقیقت جانچنے کے لیے میڈیا نمائندگان ان علاقوں کا قریب سے مشاہدہ کریں گے اور مقامی آبادی سے بھی گفتگو کی جائے گی۔
اس سے قبل 5 مئی کو بھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بین الاقوامی اور قومی میڈیا کو دورہ کروایا گیا تھا، جہاں بھارتی افواج کے جھوٹے دعوؤں اور مبینہ دہشت گردی کے مراکز کی حقیقت سامنے لائی گئی تھی۔
ان دوروں کا مقصد عالمی رائے عامہ کو اصل حقائق سے آگاہ کرنا اور بھارتی فالس فلیگ آپریشنز اور جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان نے ملاقات کے دوران بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر حیرانی کا اظہار کیا، علیمہ خان
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات بھارت کی پروپیگنڈہ مہم کے مقابلے میں شفاف معلومات کی فراہمی اور پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا دوروں سے واضح ہو رہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے دعوے حقائق پر مبنی نہیں بلکہ سیاسی مقاصد کے لیے گھڑے گئے ہیں۔





