بھارت کو منہ توڑ جواب،پاک فضائیہ نے 5 دشمن طیارے گرائے، مسلح افواج ہائی الرٹ

بھارت کو منہ توڑ جواب،پاک فضائیہ نے 5 دشمن طیارے گرائے، مسلح افواج ہائی الرٹ

پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے طیارے گرائے بلکہ بھارت کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی فضائی کارروائی کے دوران مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی اور زمینی افواج نے دشمن بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سیکیورٹی ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 جنگی طیارے تباہ کر دیے ہیں، جن میں 3 جدید رافیل، 1 مگ-29 اور 1 SU-30 شامل ہیں۔ پاکستانی طیارے مکمل طور پر محفوظ رہے اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے طیارے گرائے بلکہ بھارت کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی فضائی کارروائی کے دوران مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ ساتھ ہی لائن آف کنٹرول پر دودنیال سیکٹر میں میزائل اسٹرائیک کے ذریعے دشمن کی ایک اہم پوسٹ کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا۔

پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں ایک بھارتی ڈرون جبکہ سیالکوٹ ہیڈ مرالہ کے علاقے میں مزید تین بھارتی ڈرونز کو نشانہ بنایا۔ یہ تمام ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں نگرانی کی کوشش کر رہے تھے جنہیں بروقت کارروائی کے ذریعے مار گرایا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارےنے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کے جدید رافیل طیارے تباہ ہوئے، جو بھارتی فضائیہ کی مہنگی ترین اور جدید ترین اثاثہ تصور کیے جاتے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور متحرک ہیں۔ فضائی، زمینی اور دفاعی سطح پر ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔ ملک کی فضائی حدود آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

دفاعی اداروں کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ پاک افواج ہر قیمت پر ملکی خودمختاری اور سلامتی کا دفاع کریں گی اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

Scroll to Top