بھارتی جارحیت کا جواب،پاک بحریہ نے لڑاکا جنگی جہاز سمندری محاذ پر تعینات کر دیے

بھارتی جارحیت کا جواب،پاک بحریہ نے لڑاکا جنگی جہاز سمندری محاذ پر تعینات کر دیے

بھارتی بحری نقل و حرکت پر پاکستان کا دوٹوک جواب، پاک بحریہ نے لڑاکا جہاز سمندری محاذ پر تعینات کر دیے

تفصیلات کے مطابق دشمن کے ممکنہ عزائم کو بھانپتے ہوئے پاکستان نیوی نے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے اپنے لڑاکا جنگی جہاز مخصوص سمندری مقامات پر تعینات کر دیے ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک نیوی ہر قسم کی بھارتی جارحیت یا مس ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

پاکستان نیوی نے واضح کیا ہے کہ بھارتی ایئرکرافٹ کیریئر اور جنگی جہازوں کی نقل و حرکت مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔ اگرچہ بھارتی بحریہ کی موجودہ تعیناتی ایک قابل فہم ردعمل ہو سکتا ہے، مگر اس کی جنگی صلاحیتوں کا حقیقی اثر محدود ہے اور ان کے اثاثے پاکستان کے لیے ایک پرکشش ہدف ثابت ہو سکتے ہیں۔

ترجمان نے بھارتی میڈیا اور بین الاقوامی ذرائع میں پھیلائے جانے والے جھوٹے دعوؤں پر بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب ایک برطانوی اخبار کی جانب سے کراچی کی بندرگاہ پر حملے کا مضحکہ خیز اور بے بنیاد دعویٰ کیا گیا، جو ایک ناکام بھارتی پراپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ میزائل رینج سے متعلق بھارتی دعوے بھی گمراہ کن اور تکنیکی اعتبار سے ناقابلِ یقین ہیں۔

پاکستان نیوی کا کہنا ہے کہ سمندری حدود میں کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا، اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان نے باور کرایا کہ پاک بحریہ دشمن کی ہر نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے۔

Scroll to Top