بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے بھی اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ پاکستان نے بھارتی بیسز پر حملہ کیا اور ان حملوں کے نتیجے میں انکی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن ’’بنیان المرصوص ‘‘کے بعد بھارتی فوج نے اپنے بیانات میں پاکستان کے حملوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا اعتراف کر لیا ہے۔
بھارتی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے 26 مختلف مقامات پر فضائی دراندازیاں کرنے کی کوشش کی اور تیز رفتار میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے پنجاب میں واقع اہم فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے بتایا کہ ان حملوں میں فوجی اڈوں پر موجود ساز و سامان اور عملے کو نقصان پہنچا ہے۔
بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے بھی اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ پاکستان نے بھارتی بیسز پر حملہ کیا ہے، اور ان حملوں کے نتیجے میں ان کی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کے مختلف اہم عسکری مراکز کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جن میں ادھم پور ایئر بیس، براہموس اسٹوریج سائٹ، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، سپلائی ڈپو ’اڑی‘، اور بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر جی ٹاپ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سرسہ ایئر فیلڈ کی تباہی کی تصدیق خود بھارتی میڈیا نے بھی کی ہے۔
پاکستان کی فضائیہ اور زمینی افواج کی یہ کارروائیاں بھارت کے دفاعی اور اسٹریٹجک اثاثوں پر نمایاں اثرات ڈال چکی ہیں، جس کا بھارت کے سرکاری ذرائع نے بھی کھل کر اعتراف کیا ہے۔
پاکستان کی عسکری قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی مزید جارحیت کے جواب میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور ملک کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔





