آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر، قوم کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والے آپریشن’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر آج ملک بھر میں ’’یوم تشکر‘‘ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ اس دن کو پوری قوم پاک افواج کی بہادری، اتحاد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے طور پر منا رہی ہے۔
لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں عوام بڑی تعداد میں قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔ شرکاء نے ’’پاک فوج زندہ باد‘‘اور’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلیوں میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، جس سے قومی یکجہتی اور عزم کا بھرپور اظہار ہوا۔
کراچی سے کشمیر تک، کندھ کوٹ، کشمور، فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، وہاڑی اور قصور میں عوامی ریلیوں نے فضا کو حب الوطنی کے نعروں سے گونجتا رکھا۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، قومی ترانے گائے گئے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
سوات، مہمند، نوشہرہ اور قلعہ بالاحصار میں بھی عوامی جوش و خروش دیدنی تھا۔ مظفر آباد میں جماعت اسلامی کے تحت نکالی گئی ریلی میں ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے گونجے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ وہ آج کا دن سجدہ شکر، افواج پاکستان کی بہادری کو سلام، اور قومی اتحاد کی عظمت کے طور پر منائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘نے دشمن کو تاریخی سبق سکھایا اور پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا۔
یوم تشکر کے موقع پر عوام نے بھرپور انداز میں قوم کے ہیروز کو سلام پیش کیا، جس سے واضح ہوا کہ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔





