جنگ بندی سے قبل چینی وزیر خارجہ کی بھارت کو ہنگامی کال ، کیا پیغام دیا گیا؟جانئے

جنگ بندی سے قبل چینی وزیر خارجہ کی بھارت کو ہنگامی کال ، کیا پیغام دیا گیا؟جانئے

چین اور بھارت کے درمیان گفتگو کے فوراً بعد اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے ہفتے کے روز جنگ بندی سے قبل پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ حکام سے علیحدہ علیحدہ اہم ٹیلیفونک رابطے کیے، جس کے فوراً بعد دونوں ممالک نے فوجی کارروائیوں کا سلسلہ روکنے اور جنگ بندی پر اتفاق کر لیا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ ای نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے بات چیت کے دوران فوری جنگ بندی کی حمایت کی۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ مزید تصادم سے بچنے کے لیے مکمل طور پر جنگ بندی پر عمل کریں اور خطے میں امن و استحکام کو ترجیح دیں۔

چینی وزیر خارجہ نے اجیت دوول سے گفتگو میں واضح کیا کہ موجودہ عالمی حالات پیچیدہ اور غیر مستحکم ہیں، اس لیے ایشیا کا امن اور استحکام، جو بڑی محنت سے حاصل ہوا ہے، اسے ہر قیمت پر برقرار رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کو ترجیح دی جائے۔

دوسری جانب، پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کی ثالثی اور سفارتی کوششوں پر بیجنگ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی چین کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔

چینی مداخلت کے چند ہی گھنٹوں بعد ہفتے کی شام پاکستان اور بھارت نے اچانک جنگ بندی کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں سرحدی محاذوں پر جاری کشیدگی اور فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت سے خطے میں امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں اور سفارتکاری کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی ہے۔

Scroll to Top