پشاور پولیس نے ڈپٹی کمشنرپشاورکومختلف مقدمات میں نامزد ملزمان کے اسلحہ لائسنس کی منسوخی کے لئے مراسلہ ارسا ل کردیا ہے۔
مراسلے کے مطابق شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج مقدمات میں نامزد ملزمان کے پاس اسلحہ لائسنس ہیں،فوجداری ریکارڈ اور جاری قانونی کارروائیوں کے باوجود ان ملزمان کے پاس اسلحہ لائسنس ہے۔
جاری مراسلے میں کہاگیا ہے کہ عوامی تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ایسے افراد کے اسلحہ لائسنس منسوخ کئے جائیں، ایک یا ایک سے زائد سنگین مقدمات میں نامزد ملزمان کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
پشاور پولیس نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ ایسے افراد کے اسلحہ لائسنس کی منسوخی کے لیے متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت قانونی کارروائی کی جائے ،حتمی فیصلے کی ایک کاپی ضروری کارروائی کے لیے فراہم کی جائے۔
مراسلے کے مطابق شہر کے 26 تھانوں کے حدود میں 320 ملزمان کے پاس اسلحہ لائسنس موجود ہے۔
مراسلے میں جاری اعدادو شمار کےمطابق تھانا چمکنی میں سب سے زیادہ51،ریگی کے حدود میں42 ملزمان کے پاس اسلحہ لائنس ہے، رحمان بابا میں24، تہکال 18،خزانہ،شاہ پور اور بھانہ ماڑی 16،16 ملزمان کے پاس لائسنس ہے۔
اعدادو شمار کےمطابق ارمڑ 14، انقلاب 13، فقیر آباد 11،گلبرگ اور ٹاون میں 10،10 ملزمان کے پاس اسلحہ لائسنس ہے، مچنی گیٹ اور پھندو میں 9،9، سربند اور ناصر باغ میں 7،7 ملزمان کے پاس لائسنس ہے۔
مراسلہ میں لکھا گیا ہےکہ یکہ توت اور متھرا میں 6،6 اورداؤدزئی05 ملزمان کے پاس اسلحہ لائسنس ہے۔
اس طرح بڈھ بیر 4 ،حیات اباد 3، متنی 3 ہشتنگری 3،پہاڑی پورہ اور عربی تھانا حدود میں 2 ،2 افراد کے پاس لائسنس ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی کا 16 ہزار ملازمین کی برطرفی اور کرپشن کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان
مراسلے کے مطابق 320 ملزمان کے نام ان کے متعلقہ پولیس اسٹیشنز کو ایف آئی آر نمبرز اور شناختی کارڈز کے ساتھ کارروائی کےلیے ارسال کئے گئے ہیں۔





