شہری ہو جائیں تیار! خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید

شہری ہو جائیں تیار! خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوہستان اور مانسہرہ کے بعض مقامات پر آئندہ چند گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جو کہ عارضی طور پر موسم کو خوشگوار بنائے گی۔ ان علاقوں میں شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر کھلے مقامات اور سفر کے دوران۔

ادھر کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے چند علاقوں میں پہلے ہی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد وہاں موسم میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے۔

تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور خشک موسم کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز کے دوران بھی موسم میں معمولی اتار چڑھاؤ متوقع ہے، تاہم کوئی بڑی تبدیلی فی الحال دکھائی نہیں دیتی۔

Scroll to Top