عدالت کا دوٹوک فیصلہ! بانی پی ٹی آئی کی جیل سہولیات کی اپیل مسترد

عدالت کا دوٹوک فیصلہ! بانی پی ٹی آئی کی جیل سہولیات کی اپیل مسترد

پی ٹی آئی کو جیل میں دی جانیوالی سہولیات کے معاملے پر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے فیصلے پر دائر کی گئی نظرثانی درخواست مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق جاری کردہ سابقہ عدالتی احکامات تمام تر قانونی تقاضوں اور حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے گئے تھے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ان احکامات پر مکمل اور غیرمشروط عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں جیل حکام کو بانی پی ٹی آئی کو ان کے بیٹوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اجازت دینے اور ان کا طبی معائنہ ذاتی معالج سے کرانے کی ہدایت جاری کی۔

قبل ازیں، اڈیالہ جیل حکام نے عدالت میں ایک رپورٹ جمع کراتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ جیل قوانین میں بیرون ملک فون کال یا ذاتی معالج سے چیک اپ کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ حکام نے مزید کہا کہ ایسی سہولیات فراہم کرنے سے دیگر قیدی بھی اسی نوعیت کے مطالبات کرنے لگے ہیں، جس سے جیل کا نظم متاثر ہو رہا ہے۔

جیل سپریٹنڈنٹ نے 10 جنوری اور 3 فروری کو جاری ہونے والے عدالتی احکامات پر نظرثانی کی استدعا کرتے ہوئے انہیں جیل رولز، مساوات اور دیگر قیدیوں کے بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیا۔

تاہم عدالت نے جیل حکام کے تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدالتی احکامات برقرار رہیں گے اور ان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top