راولپنڈی: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جبکہ بھارت کا رویہ جارحانہ، شدت پسندانہ اور خطے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بھارتی جارحیت میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں اور متاثرہ شہریوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور کمانڈر 10 کور بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
صدر مملکت نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی بہادری، قربانی اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے اور پوری قوم اپنے سپاہیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں، اور مودی حکومت پاکستان کے خلاف جارحیت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : چین نے اروناچل پردیش کے 27 مقامات کے نام تبدیل کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا
صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے متحد، پرعزم اور ہوشیار ہے، اور پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔دورے کے اختتام پر صدر مملکت نے زخمیوں کی دیکھ بھال پر اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف، طبی عملے اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔