پاکستانی باصلاحیت قوم ہے، انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، امریکی صدر

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کو اپنی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی کامیابی قرار دے دیا۔

ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں زندگی میں سب سے زیادہ سراہا جانے والا اقدام یہی ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو ٹالا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانیوں کی ذہانت، محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حیرت انگیز اشیاء بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ ہمیشہ بہترین بات چیت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تو معاملات واضح تھے، تاہم انہوں نے پاکستان کے ساتھ بھی تجارت پر گفتگو کی، کیونکہ پاکستان کی خواہش ہے کہ وہ امریکا سے تجارتی تعلقات کو فروغ دے۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ امریکا، پاکستان جیسے ذہین اور باصلاحیت ملک کے ساتھ زیادہ تجارت کیوں نہیں کرتا۔ ان کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعلقات ہمیشہ مثبت رہے اور مستقبل میں دو طرفہ اقتصادی تعاون میں اضافہ ممکن ہے۔

انٹرویو کے دوران بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر طاقت کے ساتھ حملہ کر رہے تھے، صورت حال مسلسل بگڑ رہی تھی اور حالات اس نہج تک پہنچ چکے تھے کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ کے بحران کو سنگین مسئلہ قرار دیدیا

صدر ٹرمپ کے مطابق ان کی مداخلت کے بعد کشیدگی میں کمی آئی اور جنگ بندی ممکن ہوئی، جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔

Scroll to Top