اسلام آباد: جنوبی کوریا میں روزگار کے خواہش مند پاکستانی کارکنوں کے لیے ایمپلائمنٹ پرمٹ سسٹم قانونی اور سرکاری ذرائع کے تحت روزگار حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے، جس کا انتظام پاکستان میں اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور جنوبی کوریا کی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ سروس کے باہمی تعاون سے کیا جاتا ہے۔
اس پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو مینوفیکچرنگ، تعمیرات، زراعت اور سروسز کے شعبوں میں ورک ویزا پر ملازمت کا موقع ملتا ہے، جس کا مقصد شفاف انتخابی طریقہ کار، تحریری معاہدہ، کورین لیبر رائٹس اور مقررہ اجرت و تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اس پروگرام میں درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر عمومی طور پر 18 سے 39 سال کے درمیان، درست پاسپورٹ اور طبی طور پر فٹ ہونا لازمی ہے، جبکہ مجرمانہ ریکارڈ، جنوبی کوریا سے ملک بدری یا سفر پر کسی قسم کی قانونی پابندی نہ ہونا بھی اہلیت کی بنیادی شرط ہے۔
امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ رجسٹریشن سے قبل شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور تعلیمی اسناد میں درج کوائف کے مطابقت کی تصدیق کر لیں تا کہ بعد میں کسی تضاد کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انتخاب کے عمل میں کوریائی زبان اور کام کی مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جس کے لیے امیدواروں کو کمپیوٹر پر مبنی زبان کا امتحان پاس کرنا ہوتا ہے جس میں زبان پڑھنے اور سمجھنے کی صلاحیت جانچی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی
اس مرحلے میں کامیابی کے بعد امیدواروں کا عملی مہارت، جسمانی استعداد، رنگوں کی پہچان اور ہنر کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ امتحان اور تمام مقررہ مراحل کامیابی سے طے کرنے کے بعد امیدواروں کو جاب سیکر رجسٹر میں شامل کیا جاتا ہے۔
جہاں سے جنوبی کوریا کے آجر کی جانب سے انتخاب اور ملازمت کے معاہدے کے بعد میڈیکل، ویزا اور روانگی سے قبل تربیت کا مرحلہ مکمل کیا جاتا ہے۔ تاہم صرف امتحان پاس کرنا یا لسٹ میں نام آنا حتمی ملازمت کی ضمانت نہیں ہوتا۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن نے خواہش مند افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی نجی ایجنٹ، جعلی پروسیسنگ یا رقم کے عوض پکی نوکری کے دعوؤں سے ہوشیار رہیں اور صرف سرکاری ویب سائٹ اور ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔
تفصیلی اعلانات، رجسٹریشن اور امتحانی مواد کے لیے درج ذیل سرکاری لنکس سے رجوع کیا جا سکتا ہے:
[https://www.oec.gov.pk/eps](https://www.oec.gov.pk/eps)
[https://epstopik.hrdkorea.or.kr/](https://epstopik.hrdkorea.or.kr/)





