تاریخی شکست کے بعد بھارت آبی دہشتگردی پر اُتر آیا ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھارت کی حالیہ شکست کے بعد اسے آبی دہشتگردی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کو بنیان مرصوص آپریشن میں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ بلوچستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں اور سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہا ہے۔

عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور مودی کو بہت بڑی شکست ہوئی ہے اور اب وہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا جو اس کی شکست خوردگی اور خوف کو ظاہر کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ بھارت کے 26 مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور یہ معرکہ حق و باطل میں ایک واضح فتح ہے،  مودی ایک ہارا ہوا وزیراعظم ہے جس کے پاس بھارتی عوام کو جواب دینے کے لیے کچھ نہیں بچا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت پراکسیز کے ذریعے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے کہ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، تمام ریاستی ادارے مل کر بلوچستان میں دیرپا امن قائم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فتنہ الہندوستان خضدار میں بچوں کی شہادتوں میں ملوث ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مزید کہا کہ فتنۃ الہندوستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آ چکا ہے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے جو پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔

Scroll to Top