یومِ تکبیر، ایٹمی قوت بننے کے 27 سال مکمل، قوم کل بھرپورقومی جذبے سے منائے گی

یومِ تکبیر، ایٹمی قوت بننے کے 27 سال مکمل، قوم کل بھرپورقومی جذبے سے منائے گی

پاکستان کے تاریخی ایٹمی دھماکوں کو 27 سال مکمل ہو گئے ہیں، جس کے موقع پر کل 28 مئی کو ملک بھر میں یومِ تکبیر نہایت ملی جذبے اور قومی فخر کے ساتھ منایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یومِ تکبیر کی مناسبت سے مرکزی اور بڑی تقاریب خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور میر پور، آزاد جموں و کشمیر میں منعقد ہوں گی، جہاں اظہارِ تشکر اور قومی وحدت کے مظاہرے کیے جائیں گے۔

مرکزی تقریبات کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان، سیفران، اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا، انجینئر امیر مقام ہوں گے۔ وہ میر پور اور پشاور دونوں مقامات پر خصوصی خطابات کریں گے۔

گلگت بلتستان میں بھی یومِ تکبیر کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں مقامی قیادت اور عوام قومی دن کی مناسبت سے ریلیاں اور اجتماعات منعقد کریں گے۔

خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے یومِ تکبیر کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مرکزی تقریب پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹریٹ میں ہوگی، جہاں امیر مقام خطاب کریں گے۔ پارٹی کے تمام ونگز کو ریلیاں نکالنے اور تقریبات کے انعقاد کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ’’یومِ تکبیر اور یومِ معرکہ حق، پاکستان کے قومی وقار اور دفاع پر کسی قسم کے سمجھوتے نہ کرنے کے عزم کی تجدید ہے۔ ہم قائد محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی قیادت میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔‘‘

یاد رہے کہ 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے خود کو دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی قوت کے طور پر منوایا تھا۔

Scroll to Top