خیبر پختونخوا میں فائرنگ کے دو افسوسناک واقعات میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک اسکول پرنسپل، ایک استاد اور دو خواتین شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 صوابی کے مطابق، نواحی گاؤں شگئی پنج پیر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں اسکول پرنسپل اعزاز اور استاد حمزہ جاں بحق ہو گئے۔ دونوں مقتولین چچازاد بھائی تھے۔ فائرنگ کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچی اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ادھر پشاور کے علاقے شاہ عالم (تھانہ داؤدزئی) میں گھریلو تنازع خونریز شکل اختیار کر گیا۔ کچن کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد قتل ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، فائرنگ گھریلو جھگڑے کے دوران ہوئی جس میں ایک ہی خاندان کے افراد ملوث بتائے جا رہے ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
ان دونوں واقعات نے مقامی آبادی کو شدید غم اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہری حلقوں نے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔





