بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد نیویارک پہنچ گیا ، جہاں وہ بھارت کے جنگی جنون اور حالیہ کشیدگی کیخلاف پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر پیش کریگا۔
ذرائع کے مطابق یہ وفد 2 جون تک نیویارک میں قیام کرے گا اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کے ارکان اور او آئی سی گروپ سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں کا مقصد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور جنوبی ایشیا میں امن کو درپیش خطرات کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کرنا ہے۔
اس دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری منگل کے روز اقوام متحدہ میں صحافیوں کی تنظیم کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، تاکہ پاکستان کا مؤقف عالمی میڈیا کے ذریعے مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
تین جون کو وفد نیویارک سے واشنگٹن روانہ ہو گا، جہاں وہ 6 جون تک قیام کرے گا۔ واشنگٹن میں وفد امریکی حکام، تھنک ٹینکس، صحافیوں، ماہرین اور مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کرے گا، تاکہ پاک-امریکہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
پاکستانی وفد کا یہ دورہ سفارتی محاذ پر ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مؤقف موثر انداز میں پیش کرنا اور خطے میں امن کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔





