اسلام آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100فیصد اضافہ کردیاگیا

اسلام آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100فیصد اضافہ کردیاگیا

وفاقی دارالحکومت کے عوام کیلئے ایک بڑی خبر، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں چلنے والی میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے، جس کا اطلاق آج یکم جون 2025 سے ہو چکا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق اب اورنج، گرین، بلیو لائن اور الیکٹرک بسوں کا نیا کرایہ 100 روپے مقرر کر دیا گیا ہے، جو کہ پہلے 50 روپے تھا۔سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں یہ اضافہ انتظامی اور مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر تھا۔ ذرائع کے مطابق ادارے کو ان بس سروسز کی بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت اور سبسڈی کے دباؤ کا سامنا ہے، جس کے باعث کرایہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی کرایوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم اس وقت سی ڈی اے نے فوری طور پر اس کی تردید کر دی تھی۔ اب باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ساتھ کرایوں میں دوگنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے روزانہ تقریباً 90 ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوں گے، جو ان سروسز پر انحصار کرتے ہیں، خصوصاً طلباء، کم آمدنی والے ملازمین اور دیہی علاقوں سے آنے والے شہری۔

عوامی سطح پر کرایوں میں اس اچانک اضافے پر مخالف ردعمل سامنے آ رہا ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

Scroll to Top