اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کی وجہ سے اُس کا مؤقف عالمی سطح پر کمزور پڑ گیا ہے اس وقت امریکا سمیت دنیا کی بڑی طاقتیں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کر رہی ہیں۔
منیر اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے اپنا واضح مؤقف رکھا ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، جب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات حل نہیں ہوتے، تب تک خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کو دنیا بھر میں بےنقاب کرے تاکہ سچ سامنے آئے، منیر اکرم نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اس وقت سفارتی محاذ پر شدید ناکامی کا سامنا ہے جس کا اسے احساس ہو چکا ہے اسی لیے اس نے مختلف ممالک میں وفود بھیجے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی کو پاکستان کے خلاف عالمی حمایت حاصل نہیں ہو سکی جس کے باعث وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے اپنے سفارتی وفود کی نمائندگی کے لیے ششی تھرور کو آگے کیا ہے اور اس کے ذریعے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سخت باتیں کروائی گئی ہیں، موجودہ عالمی صورتحال پاکستان کے حق میں ہے اور ہمیں اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف پانی کو ہتھیار نہ بناؤ، چین کی بھارت کو کھلی وارننگ
سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے وفود عالمی سطح پر ہمارا مؤقف اجاگر کریں گے اور دنیا کو باور کروائیں گے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔





