ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ نمازیوں نے نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، ترقی اور امت مسلمہ کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن کی مسجد میں نمازِ عید ادا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نمازیوں سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔ ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔ نماز کے بعد وزیراعظم نے وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا کے اپنے آبائی گاؤں عبدالخیل میں عید کی نماز ادا کی۔ انہوں نے عید کے اس پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کی دعا کی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں نمازِ عید ادا کی۔ ان کی جانب سے بھی وطنِ عزیز کی سلامتی اور عوامی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ملک کے مختلف حصوں میں عید کے اجتماعات کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی نماز میں شرکت کی۔ مساجد اور عیدگاہوں میں نمازیوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔





