علی امین گنڈاپور اقتدار نہیں چھوڑیں گے، حکومت ان کیلئے سونے کا انڈا ہے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے لیے سونے کا انڈا دینے والی مرغی کی مانند ہے اور وہ کسی بھی صورت اقتدار نہیں چھوڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ بات انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں صحافیوں کے نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محض اسمبلی توڑنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ صوبائی حکومت علی امین کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا بجٹ کسی بھی صورت منظور کرا لے گی کیونکہ اب بانی پاکستان تحریک انصاف سے ان کی ملاقات ممکن نہیں ہے۔

گورنر نے صوبے میں کسی بھی وقت ایمرجنسی کے نفاذ کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی اور انتظامی معاملات معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

ان کا یہ بیان صوبائی سیاست میں جاری کشیدگی اور سیاسی محاذ آرائی کے درمیان سامنے آیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور حکومت کے درمیان تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔

Scroll to Top