تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی حملے ایرانی جوہری پروگرام کو روکنے میں ناکام رہیں گے اور ایران اپنی جوہری ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے جوہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں زبردست محنت اور قربانیاں دی ہیں اور اس راہ سے واپس نہیں مڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی سائنس دانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر خود کفالت حاصل کی ہے، جس پر پورا ملک فخر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی قوم اور قیادت کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے اور عالمی برادری کو خبردار کیا کہ ایران اپنی دفاعی اور سائنسی ترقی پر کسی دباؤ کو برداشت نہیں کرے گا۔ ایرانی جوہری پروگرام ہر صورت جاری رہے گا۔