محرم میں ماتمی جلوسوں کی نگرانی کیلئے ڈرونز استعمال کیے جائیں گے، آئی جی کے پی

انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ماتمی جلوسوں کی نگرانی تھرمل ڈرونز کے ذریعے کی جائے گی۔ یہ اقدام صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اُٹھایا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) سے خصوصی گفتگو میں آئی جی کے پی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے جدید اسلحہ حاصل کر لیا ہے، جس میں تھرمل ڈرونز بھی شامل ہیں۔ ان ڈرونز کی مدد سے دن اور رات کے کسی بھی وقت جلوسوں کے راستوں پر نقل و حرکت کی نگرانی ممکن ہوگی۔

ذوالفقار حمید کے مطابق، رواں ہفتے شارٹ مشین گنز کی ترسیل بھی مکمل ہو جائے گی جبکہ ماضی میں خراب ہو جانے والی آرمرڈ پرسنل کیرئیر (اے پی سی) گاڑیوں کی مرمت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ جلد ہی مزید اے پی سی گاڑیاں بھی فورس کو مہیا کی جائیں گی، جو محرم کے دوران حساس اضلاع میں تعینات کی جائیں گی۔

ئی جی کے پی نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہتر آلات سے لیس خیبرپختونخوا پولیس، محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران غیر معمولی حفاظتی اقدامات متوقع ہیں۔

Scroll to Top