خیبر پختونخوا کے پانچ بالائی اضلاع میں گلیشیئرز پھٹنے (گلاف) کے خدشے کے پیشِ نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں اپر چترال، لوئر چترال، دیر، سوات اور کوہستان شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ خطرہ یکم جولائی تک برقرار رہ سکتا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں گلیشیئرز اور برفانی جھیلیں موجود ہیں۔ حالیہ اور آئندہ متوقع موسلادھار بارشوں کے باعث گلیشیئرز پھٹنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں، جس سے مقامی آبادی، انفراسٹرکچر اور سیاحتی سرگرمیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ہم)کے مطابق پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی افراد اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران پہاڑی یا حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور خطرے کی صورت میں فوری اقدامات کے لیے ریسپانس پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔





