پشاور: خیبرپختونخوا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو مزید معاشی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں بین الاضلاعی اور شہری ٹرانسپورٹ سروسز نے نئی قیمتوں کے تحت کرایوں کا اطلاق کر دیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ یونینز کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پرانے کرایے برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔
پشاور، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور دیگر اضلاع میں شہریوں نے کرایوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی بے قابو ہو چکی ہے، اور اب روزانہ سفر کرنے والے افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ کا مؤقف ہے کہ کرایوں میں اضافہ وقتی ہے اور جلد نئی پالیسی مرتب کر کے ریگولرائز کیا جائے گا، تاکہ عوام اور ٹرانسپورٹرز دونوں کے مفادات کا تحفظ ممکن ہو۔
یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد میں ناقص گوشت فروخت کرنے والی دکانیں سیل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائی
شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی اور کرایوں پر کنٹرول کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو ریلیف دیا جا سکے۔





