وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر صوبائی حکومت کے اعلیٰ سطحی وفد نے باجوڑ دھماکے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی، فیصل اسماعیل شہید کے آبائی علاقے اوڈیگرام سوات کا دورہ کیا اور شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
وفد میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف، معاونِ خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، اور آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید شامل تھے، جبکہ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر اور ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے شہید فیصل اسماعیل کی جرأت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیامِ امن کے لیے اپنی جان قربان کرکے ایک عظیم مثال چھوڑ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وفد نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی خصوصی دعا کی اور یقین دلایا کہ حکومت خیبرپختونخوا شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں :سانحہ سوات میں انسانی جانوں کے ضیاع اور ریلیف میں کوتاہی پر سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں،بیرسٹر سیف
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے باجوڑ دھماکے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور واضح ہدایات دی ہیں کہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔





