کے پی میں سینیٹ انتخابات بلامقابلہ ہی ہوں گے، پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ناموں کی توثیق کر دی

خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات بلامقابلہ کرانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جہاں حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اپوزیشن کے درمیان 5/6 فارمولے پر اتفاق کے بعد سیاسی صورتحال واضح ہو گئی ہے۔ اس فارمولے کے تحت تحریک انصاف کو 6 جبکہ اپوزیشن کو 5 نشستیں دی جائیں گی۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کیمطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد جس میں بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے سینیٹ امیدواروں کے لیے تجویز کردہ ناموں کی باضابطہ توثیق کی گئی۔ اجلاس میں سیاسی اور پارلیمانی کمیٹی کے پرانے ناموں کی بھی توثیق کی گئی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ کی جنرل نشستوں پر جن ناموں کی منظوری دی گئی ان میں مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور پیر نورالحق قادری شامل ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشست کے لیے روبینہ ناز، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم خان سواتی امیدوار ہوں گے۔ اس کے علاوہ سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے مطابق، پارٹی کے ناراض سینیٹ امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، جمعے کے روز ناراض امیدواروں اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان دو ملاقاتیں ہوئیں، تاہم سیاسی کمیٹی نے حتمی فیصلے کا اختیار سنبھالے رکھا۔

اس پیشرفت کے ساتھ ہی خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات بلامقابلہ کرائے جانے کی امید ہے، جو سیاسی استحکام کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top