اسلام آباد : پاکستان کے سب سے بڑے آبی ذخیرے تربیلا ڈیم کی پانی کی سطح اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کے 85 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ منگلا ڈیم بھی 56 فیصد بھر چکا ہے اور وہاں پانی کی سطح 1197 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ فیکٹ شیٹ کے مطابق دریائے سندھ کے تونسہ مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے، جب کہ تربیلا اور کالا باغ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے رواں سال مون سون کے دوران آنے والے طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔
ان کے مطابق مختلف حادثات میں 151 افراد جان بحق اور 538 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 209 گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اتھارٹی نے آگاہ کیا ہے کہ مون سون کا پانچواں طوفانی سپیل آج 28 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کے امن و استحکام کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مولانا طاہر اشرفی
پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے کنارے بسنے والے افراد کو احتیاط برتنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔
ادھر متعلقہ حکام سیلاب کے خدشات کے پیش نظر ہنگامی انتظامات کر رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔





