اسلام آباد: پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ 31 جولائی کو چین کے ژچانگ سینٹر سے لانچ کیا جائے گا، جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
یہ سیٹلائٹ زراعت، ماحولیاتی نگرانی اور شہری منصوبہ بندی سمیت متعدد شعبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سپارکو کے مطابق نیا سیٹلائٹ فصلوں کی نگرانی اور زراعت کے حوالے سے درست معلومات فراہم کرے گا، جس سے کسانوں کو بہتر منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ شہری منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی یہ سیٹلائٹ اہم معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : سیلاب کے خدشات بڑھانے والے ڈیمز کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں
یہ سیٹلائٹ آفات کی پیشگی وارننگ جیسے سیلاب، زلزلے اور زمینی کھسکاؤ کی نگرانی کرے گا، اور سی پیک سمیت دیگر قومی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں بھی اس کا کردار نمایاں ہوگا۔
سپارکو کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی وسائل کے مؤثر انتظام کے لیے بھی یہ سیٹلائٹ ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے اور ماحولیاتی تحفظ میں مدد ملے گی۔





