افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد پابندیوں کے خاتمے میں بڑی پیش رفت، پاکستان اور افغانستان میں اہم اتفاق

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد پابندیوں کے خاتمے میں بڑی پیش رفت، پاکستان اور افغانستان میں اہم اتفاق

پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد تجارتی پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان اور افغانستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد متعدد پابندیوں کے خاتمے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے، جس سے دوطرفہ تجارت کے فروغ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

وزارت تجارت ذرائع کے مطابق، افغانستان نے حالیہ مذاکرات میں پاکستان سے ٹرانزٹ ٹریڈ کے دائرہ کار کو بڑھانے اور سہولیات میں اضافے کا مطالبہ کیا، جس پر پاکستان نے جائزے کے بعد مرحلہ وار پابندیاں ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی)کے مطابق مذاکرات میں افغان وفد کی قیادت نائب وزیر صنعت و تجارت نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت نے کی۔ افغان حکام نے مذاکرات میں واضح طور پر SRO1397/2023 کو ختم کرنے کی تجویز دی، جس کے تحت ٹرانزٹ ٹریڈ پر مختلف اشیاء کی درآمدات پر پابندیاں عائد تھیں۔

مذاکرات کی اہم نکات:
افغانستان نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی معیشت میں بہتری کے باعث درآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، اس لیے پابندیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔

پاکستان نے افغان صنعتی ضروریات کی اشیاء کی فہرست طلب کی ہے تاکہ ان کا جائزہ لے کر مخصوص مصنوعات کو پابندی والی فہرست سے نکالا جا سکے۔

پروسیسنگ فیس سے متعلق بھی افغان حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ 10 فیصد فیس ختم کی جائے۔ پاکستان نے فہرست موصول ہونے کے بعد اس پر بھی اتفاق کیا ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 53 فیصد اشیاء پر عائد پابندیاں پہلے ہی ختم کی جا چکی ہیں، اور باقی اشیاء پر بھی فیز وائز نرمی دی جا سکتی ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

Scroll to Top