خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات میں داخلے کیلئے انٹری فیس لازم قرار

خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات میں داخلے کیلئے انٹری فیس لازم قرار

خیبرپختونخوا کے مشہور سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے افراد کے لیے حکومت نے ایک نیا فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک اور دیگر مقامات پر داخلے کے لیے اب انٹری فیس ادا کرنا لازمی ہوگا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق کاغان ویلی میں باقاعدہ انٹری فیس کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت حسام آباد کے مقام پر انٹری پوائنٹ قائم کیا جائے گا جہاں سے ہر گاڑی اور موٹر سائیکل سے فیس وصول کی جائے گی۔

انٹری فیس کی تفصیلات:
بڑی گاڑی: 200 روپے
چھوٹی گاڑی: 100 روپے
موٹر سائیکل: 20 روپے
تاہم مقامی افراد کو اس فیس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

محکمہ سیاحت کے مطابق اس اقدام سے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مالی حالت بہتر ہوگی، اور توقع ہے کہ اس انٹری فیس سے ماہانہ لاکھوں روپے آمدن حاصل ہوگی۔ اس آمدن سے سیاحوں کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا جن میں صفائی، پارکنگ، سیکیورٹی اور رہنمائی جیسی بنیادی خدمات شامل ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کےمطابق سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ انٹری فیس کا مقصد صرف آمدن حاصل کرنا نہیں بلکہ سیاحوں کو معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ بورڈ آف گورنرز کی جانب سے اس فیصلے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے اور جلد اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔

سیاحتی حلقوں میں اس فیصلے پر مختلف آرا پائی جاتی ہیں، بعض افراد اسے مثبت قدم قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ حلقے فیس کو اضافی بوجھ تصور کر رہے ہیں۔ تاہم حکومتی مؤقف ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سیاحت کو مربوط، منظم اور خود کفیل بنانا ہے۔

Scroll to Top