انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمے میں عدم پیشی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنماؤں عمر ایوب، احمد خان بھچر، بلال اعجاز اور احمد چٹھہ سمیت 57 نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کےمطابق یہ وارنٹ جوڈیشل کمپلیکس میانوالی میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے مقدمے میں جاری کیے گئے، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ تمام نامزد ملزمان کے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی لازم ہے، جس کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
اہم نامزد رہنما:
عمر ایوب (اپوزیشن لیڈر، قومی اسمبلی)
احمد خان بھچر
بلال اعجاز
احمد چٹھہ
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی کو بغیر تعطل کے آگے بڑھایا جا سکے۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جن میں سرکاری اور عسکری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان واقعات پر متعدد مقدمات درج کیے گئے، جن میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔





