سرکاری نرخ مسترد، مختلف شہروں میں چینی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

ملک بھر میں چینی کی قیمتیں سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے مسلسل بڑھنے لگیں۔

نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز )کے مطابق مختلف شہروں میں چینی 185 سے 196 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی میں چینی سب سے مہنگی:
کراچی میں ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت 185 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جبکہ ہول سیل میں 178 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔

اگرچہ کمشنر کراچی نے ہول سیل ریٹ 170 روپے اور ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کی ہے، مگر بازار میں ان نرخوں کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ڈیلرز کے مطابق عام مارکیٹ میں چینی 196 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، جبکہ 50 کلو کا ہول سیل تھیلا 8,730 روپے اور مقامی مارکیٹ میں 9,800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی قیمتیں قابو سے باہر:
کوہاٹ میں چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
نوشہرہ میں چینی 180 روپے جبکہ
صوابی میں بھی چینی 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

حکومتی اقدامات ناکام؟
حکومت کی جانب سے بارہا دعوے کیے گئے کہ چینی کی قیمتوں پر کنٹرول رکھا جائے گا، لیکن مارکیٹ میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔

عام شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے ان کی کمر توڑ دی ہے، اور بنیادی اشیاء بھی اب پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔

عوامی مطالبہ:
عوام نے حکومت سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال بنائی جائیں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقہ سکھ کا سانس لے سکے۔

Scroll to Top