برمل : ضلعی انتظامیہ نے جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں آج منگل کے روز صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
کرفیو کے دوران پاک افغان شاہراہ سمیت تمام مرکزی اور ذیلی راستوں پر ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران تمام بازار، دکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں گی، خصوصاً رغزئی بازار کو مکمل طور پر بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ممنوعہ علاقوں میں انگور اڈا، زم چینیہ، خمرنگ، رغزئی اور شولام تا وانا شامل ہیں، جن میں داخلے پر سختی سے ممانعت ہے۔
انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ صرف ایمرجنسی کی صورت میں سیکیورٹی فورسز یا پولیس کی پیشگی اجازت کے بعد شناختی کارڈ اور ضروری دستاویزات کے ہمراہ مشروط نقل و حرکت کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی اجلاس میں قبائلی اضلاع سے فوج نکالنے اور پولیس اختیارات بحال کرنے کی قرارداد منظور، کاشف الدین سید کے اہم سوالات سامنے آگئے
عوام سے کہا گیا ہے کہ اگر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی قریب آئے تو اپنی گاڑی کو فوری طور پر سڑک سے نیچے کم از کم 100 میٹر کے فاصلے پر روک لیں تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی سلامتی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔