اسلام آباد / بیجنگ:پاکستان اپنے خلائی پروگرام میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرنے جا رہا ہے، جب اس کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ آج چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا جائے گا۔
لانچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان متوقع ہے۔
لانچنگ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو(SUPARCO) کے ماہرین اور سائنسدان بھی چین میں لانچ سینٹر پر موجود ہیں تاکہ مشن کے تمام مراحل کا قریب سے مشاہدہ کر سکیں۔
سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کے شہری پھیلاؤ، انفرااسٹرکچر کی ترقی اور قدرتی آفات کی نگرانی میں مدد دے گا بلکہ یہ سیلاب، زمینی کٹاؤ اور زلزلوں کی بروقت پیش گوئی کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس کا ڈیٹا قومی ترقیاتی منصوبوں،خصوصاً سی پیک جیسے اہم انفراسٹرکچر پروجیکٹس کو مضبوط سپورٹ فراہم کرے گا۔
لانچ کے موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یاسر کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی نشر کیا جائے گا، جبکہ سیٹلائٹ لانچنگ کو سپارکو ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں براہِ راست دکھایا جائے گا۔