لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق دو اہم مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو دونوں کیسز میں بری کر دیا گیا، جبکہ یاسمین راشد، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
یہ فیصلہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سنایا، جہاں مقدمات کی سماعت جیل ہی میں مکمل کی گئی تھی۔
شادمان تھانے میں درج مقدمے میں جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے الزام میں 19 افراد کے خلاف ٹرائل مکمل ہوا۔
مقدمے میں جن شخصیات کو نامزد کیا گیا، ان میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ شامل تھیں
۔مذکورہ کیس میں مجموعی طور پر 41 افراد کو ملزم ٹھہرایا گیا، جن میں سے 15 کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، جب کہ 6 زیر حراست ہیں اور ایک ملزم وفات پا چکا ہے۔
ملزمان پر دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دوسرے مقدمے میں بیکری کے باہر سرکاری و نجی گاڑیوں کو آگ لگانے کے الزامات شامل تھے۔ اس کیس میں بھی شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
گاڑیوں کو جلانے سے متعلق کیس میں 25 افراد کو نامزد کیا گیا، جن میں سے 7 اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں، جب کہ 12 کا ٹرائل مکمل ہو چکا ہے۔
زیر حراست ملزمان کی تعداد 5 ہے اور ایک ملزم کا انتقال ہو چکا ہے۔