راولپنڈی: پاک فضائیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے کراچی سے پشاور تک 48 ٹن امدادی سامان کامیابی سے پہنچا دیا۔ امدادی سامان ایئر ایگل بی 737 طیارے کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف آپریشن میں بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔
یہ امدادی سامان بونیر اور شانگلہ کے متاثرہ اضلاع میں خشک راشن کی صورت میں تقسیم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان میں ممکنہ سیلابی صورتحال، دفعہ 144 نافذ، نہانے اور کشتی رانی پر پابندی
امدادی کارروائیاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اشتراک سے کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں تک بروقت اور مؤثر امداد پہنچائی جا سکے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔