پاکستان میں آن لائن جوئے کے بڑھتے رجحان پر قابو پانے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 46 ایپلیکیشنز کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
ان ایپس کی فہرست پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (PTA) کو فراہم کر دی گئی ہے، جو اب ان ایپس کو بلاک کرنے کے عمل کا آغاز کرے گی۔
جاری کردہ فہرست میں معروف جوئے بازی اور کسینو ایپس جیسےAviator Game، Chicken Road، 1xBet، Dafabet، 22Bet، Me Let، Pari Match، Bet365، Plinko، 10Cric، Rabona، اور Casumo شامل ہیں۔
سائبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ان میں وہ فاریکس ٹریڈنگ ایپس بھی شامل ہیں جو نان-ریگولیٹڈ ہیں اور صارفین کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی رکھتی ہیں۔
ایجنسی کے مطابق، ان ایپس کے ذریعے نہ صرف مالی جرائم کو فروغ د یا جا رہا تھا بلکہ شہریوں کی نجی معلومات، بشمول موبائل نمبرز، کو بھی خطرے میں ڈالا جا رہا تھا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ملک میں آن لائن جوئے اور اس سے جڑے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں قانونی اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔



ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سرفراز چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں 46 ایپلیکیشنز کے ذریعے اربوں روپے کا آن لائن جواء کھیلا جا رہا ہے۔ ان ایپس کے ذریعے جوئے کو فروغ دینے والوں کی فہرستیں تیار کی جا چکی ہیں۔ معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف “ڈکی بھائی” کو ان ایپلیکیشنز کے ذریعے جواء کو پروموٹ کرنے پر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ ان پلیٹ فارمز سے وابستہ درجنوں افراد اس کیس میں شاملِ تفتیش ہو چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن جواء کھیلنے اور اس کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔





