سائبر جرائم پیشہ افراد کن طریقوں سے عوام کو نشانہ بناتے ہیں؟ ایف آئی اے نےخبردار کردیا

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کے واقعات کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کی تنبیہ جاری کر دی ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ شہری سوشل میڈیا، خصوصاً واٹس ایپ پر بھیجے جانے والے جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی اجنبی شخص کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات ہرگز شیئر نہ کریں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض جعلساز گروہ خود کو ایف آئی اے کا اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو واٹس ایپ پر جعلی ایف آئی آر بھیج کر ڈرا دھمکا رہے ہیں۔ ان ایف آئی آرز میں بے گناہ افراد کو جھوٹے الزامات جیسے سائبر کرائم اور دہشتگردی میں نامزد کیا جاتا ہے تاکہ انہیں خوفزدہ کر کے بلیک میل کیا جا سکے۔

ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ادارہ اس نوعیت کے کوئی پیغامات واٹس ایپ یا سوشل میڈیا پر نہیں بھیجتا۔

یہ بھی پڑھیں : سیلاب متاثرین کو ہر قسم کے معاوضوں کی ادائیگی کیلئے چھ دن کی ڈیڈ لائن

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو اس طرح کے مشکوک پیغامات موصول ہوں تو وہ فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم ونگ کو رپورٹ کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

Scroll to Top