جرمنی کا اہم فیصلہ! پاکستان میں پھنسے 2 ہزار افغان باشندوں کو داخلے کی اجازت

جرمنی کا اہم فیصلہ! پاکستان میں پھنسے 2 ہزار افغان باشندوں کو داخلے کی اجازت

جرمن حکومت نے پاکستان میں عارضی طور پر مقیم تقریباً 2 ہزار افغان شہریوں کو اپنے ملک میں دوبارہ داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ کئی ماہ کی تاخیر، قانونی پیچیدگیوں اور عدالتوں میں جاری مقدمات کے بعد سامنے آیا ہے۔

جرمن وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، یہ وہ افغان باشندے ہیں جنہیں طالبان حکومت کے تحت جان کا خطرہ لاحق تھا اور جنہیں پہلے ہی جرمنی میں داخلے کی منظوری دی جا چکی تھی۔ ان افراد کی سکیورٹی کلیرنس اور قانونی جانچ پڑتال کا عمل دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ جرمن حکام اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور متعلقہ افغان شہریوں کے کاغذات، شناختی تفصیلات اور سکیورٹی اسکریننگ پر کام جاری ہے تاکہ ان کا محفوظ اور باعزت انخلا ممکن بنایا جا سکے۔

جرمن وزارتِ داخلہ کے مطابق، صرف ان افغان شہریوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جنہیں عدالتوں سے ریلیف ملا ہے یا جن کے کیسز پہلے سے منظور شدہ ہیں۔ ان افراد کو جرمنی روانگی سے قبل پاکستان سے ایگزٹ پرمٹ حاصل کرنا لازم ہوگا۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب حکومت پاکستان نے ملک میں مقیم تمام افغان باشندوں کو یکم ستمبر 2025 تک واپسی کا حتمی نوٹس دے رکھا ہے۔ انسانی حقوق کے وکلاء اور مہاجرین سے متعلق امدادی تنظیموں نے جرمن فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ افغان خاندان طویل انتظار کے بعد آخرکار ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

Scroll to Top