وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی اگلے ہفتے اہم ملاقات طے پا گئی ہے، جو چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر ہوگی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے، خطے کی سلامتی، توانائی کے شعبے میں تعاون اور اہم عالمی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ یہ ملاقات خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال اور عالمی سطح پر طاقتوں کے نئے اتحاد کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات طے پا چکی ہے، جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان، آذربائیجانی صدر الہام علیوف اور دیگر علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔ وزیراعظم 30 اگست کو چین روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اگلے ماہ امریکا کے سرکاری دورے پر بھی روانہ ہوں گے، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔ دورے کے دوران وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ اس سے قبل وہ برطانیہ کا دورہ بھی کریں گے، جہاں اہم سیاسی اور اقتصادی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
یہ دورے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک نئی جہت کی نشاندہی کرتے ہیں، جس کا مقصد عالمی سطح پر متوازن تعلقات قائم رکھنا اور اقتصادی و سیاسی مفادات کا تحفظ ہے۔





