پاکستان نے افغانستان کو39رنز سے شکست دیدی

شارجہ: پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے پہلے مقابلے میں زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے افغانستان کو 39 رنز سے مات دے دی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 19.5 اوورز میں 143 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

افغان کپتان راشد خان نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے، جب کہ رحمان اللہ گرباز نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی بولنگ میں حارث رؤف سب سے نمایاں رہے، جنہوں نے صرف 31 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 182 رنز اسکور کیے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 36 گیندوں پر 53 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز نے 21،21 جبکہ فخر زمان نے 20 رنز بنائے۔ محمد حارث نے 15، صائم ایوب نے 14 اور حسن نواز نے 9 رنز کا اضافہ کیا۔

افغانستان کی جانب سے فرید ملک نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد نبی، مجیب الرحمان، راشد خان اور عظمت اللہ نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

یہ بھی پڑھیں : اعلیٰ افسران کے تقرری و تبادلے

یاد رہے کہ شارجہ کے اسی میدان پر ماضی میں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں سے تین پاکستان اور دو افغانستان نے جیتے۔ اس کے علاوہ، گزشتہ سال کھیلی گئی تین میچوں کی واحد T20 سیریز میں افغان ٹیم نے پاکستان کو 2-1 سے شکست دی تھی۔

Scroll to Top